عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/آرٹ آف لیونگ فاؤنڈیشن کے بانی اور معروف رہنماسری سری روی شنکرنے جمعرات کو میرواعظِ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔میرواعظ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے امن، ہمدردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر گفتگو کی۔سات برس بعد وادی کشمیر کے دورے پر آئے سری سری روی شنکر نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی روحانی و ثقافتی وراثت اوربقائے باہمی اور رواداری کی علامت ہے۔
میرواعظ عمر فاروق نے روحانی رہنما شنکر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میرواعظ کا ادارہ ہمیشہ سے ’’امن اور بات چیت‘‘کو مسائل کے حل کا سب سے مؤثر اور انسانی راستہ سمجھتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ’’ناانصافی اور محرومی‘‘انتہاپسندی کو جنم دیتی ہے جو امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔میرواعظ نے سری سری روی شنکر کی حالیہ منشیات مخالف مہمکی بھی تعریف کی۔
بیان کے مطابق، میرواعظ نے سری سری روی شنکر کے مرکزی جیل سرینگرکے آئندہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں اور نوجوانوں کی رہائی کے لیے ایک رحم دل اور انسانی نقطہ نظراپنانا ضروری ہے، اور انہوں نے روحانی رہنما سے اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پائیدار مکالمہ اور باہمی سمجھ بوجھ ہی امن اور انسانی وقار کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر ہیں۔
سری سری روی شنکر کی میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات