ایجنسیز
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ دہلی دھماکے کے پیچھے ہر ایک مجرم کو پکڑیں جس میں 12 لوگوں کی موت ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اس میں ملوث ہر شخص کو سیکورٹی اداروں کے مکمل غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔شاہ نے یہ بات یکے بعد دیگرے دو سیکورٹی جائزہ میٹنگوں کی صدارت کرنے کے بعد کہی ،جو یہاں لال قلعہ کے قریب پیر کی شام ہونے والے دھماکے کے تناظر میں منعقد کی گئی تھیں۔انہوں نے X پر لکھا”سینئر حکام کے ساتھ دہلی کار دھماکے پر جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، انہیں ہدایت دی کہ اس واقعے کے پیچھے ہر ایک مجرم کا پتہ لگائیں۔ اس فعل میں ملوث ہر شخص کو ہماری ایجنسیوں کے مکمل غصے کا سامنا کرنا پڑے گا،” ۔پہلی میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائرکٹر تپن ڈیکا، دہلی پولیس کمشنر ستیش گولچہ اور این آئی اے کے ڈی جی سدانند وسنت نے شرکت کی۔جموں و کشمیر کے ڈی جی پی نلین پربھات بھی میٹنگ میں عملی طور پر شریک ہیں۔میٹنگ کے دوران اعلیٰ حکام نے دھماکے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشنز دیں۔تقریباً انہی عہدیداروں نے دوپہر کے سیکورٹی جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔شاہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تحقیقاتی ایجنسیاں دھماکے کی تحقیقات کر رہی ہیں، اور واقعے کی گہرائی میں جائیں گے۔