شاہنواز
ریاسی//ضلع ریاسی کے تھرو بلاک سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن چودھری اعظم نے کہا ہے کہ بلاک تھرو کے متعدد علاقے آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک برانچ بدھن میں عملے کی اسامیاں طویل عرصے سے خالی ہیں جبکہ پرائمری ہیلتھ سینٹر بدھن میں بھی ضروری عملہ دستیاب نہیں، جس سے عام لوگوں کو علاج و معالجہ میں دشواری پیش آرہی ہے۔چوہدری اعظم کے مطابق نائب تحصیلدار بدھن کی کرسی بھی طویل عرصے سے خالی پڑی ہے، جس سے عوامی معاملات زیرِ التوا ہیں اور لوگوں کو معمولی سرکاری کاموں کے لئے بھی دور دراز کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک نہ ہی ڈی ڈی سی اراکین اور نہ ہی سابق یا موجودہ ایم ایل اے نے علاقے میں کوئی عوامی دربار منعقد کیا ہے۔سماجی کارکن نے الزام لگایا کہ اربابِ اقتدار اور سیاسی قائدین عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں لے رہے، جس کے نتیجے میں غریب عوام پسماندگی اور مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے سرکار اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ بلاک تھرو کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے، خالی اسامیاں پْر کی جائیں اور علاقے کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی واقع ہو۔