پرویز احمد
سرینگر //جی ایم سی اننت ناگ کے لاکر میں اے کے 47رائفل بر آمد ہونے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کی انتظامیہ نے کالج سے منسلک ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں کو 3دنوں کے اندراپنے لاکروں پر لیبل چسپاں کرنے کی ہدایت دی ہے۔ منگل کو جاری کئے گئے ایک سرکیولرزیر نمبر Estate/MC/Cir/237-43 میں لکھا گیا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور صدر ہسپتال میں کام کرنے والے فیکلٹی ممبران، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، نیم طبی عملے اور طلبہ ء کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے لاکروں کی نشاندہی کریں اور ان پر نام ، عہدہ اور کوڈ نمبر والی لیبلیں چسپاں کریں۔سرکیولر میں مزید لکھا گیا ہے کہ نشاندہی کا عمل تین دنوں یعنی 14نومبر تک مکمل ہونا چاہئے۔اس کے بعد میڈیکل سپر انٹنڈنٹ صدر ہسپتال سرینگر ، آر ایم اوز ایسٹیٹ کم ٹرانسپورٹ آفیسر تمام لاکروں کا معائنہ کریں گے اور ہسپتال میں میں موجود اضافی لاکروں کی نشاندہی کریں گے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد کسی بھی ملازم کو لاکر رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر وہ مقررہ وقت میں لاکر کی نشاندہی نہیں کریں گے۔ سرکیولرمیں سلیکشن آفیسروں، ایسٹیٹ آفیسر اور آکائونٹس سیکشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایل پی سی، این او سی اور سروس بک کسی بھی ملازم کا اجرا نہ کریں جب تک وہ لاکر واپس حوالے نہ کر یں۔