۔3عمارتیں و 13دوکانیں خاکستر، بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ کی گواڑی مارکیٹ میں آگ کی ہولناک واردات میں 3عمارتیں و 13دوکانیں خاکستر ہوئیں ہیں جن میں بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ہے تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح چار بجے کے قریب سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ سے تقریباً 6 کلومیٹر کی دوری پر واقع گواڑی بازار میں ایک دوکان سے آگ نمودار ہوئی اور کچھ ہی دیر میں پوری عمارت و اس پاس کی دوکانوں میں پھیل گئی ۔اس واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولیس ،سیکورٹی فورسز کے اہلکار و فائر ایمرجنسی سروسز کی گاڑی و عملہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچاؤ کاروائی شروع کی تاہم اگر کی اس پراسرار واردات میں 3عمارتیں مکمل طور پر جل گئیں جن میں کل 13دوکانیں و3کمروں میں آسام سے تعلق رکھنے والے تین ریڑھی فروش کرائے پر رہتے تھے۔آتشزدگی کی اس واردات میں منور الدین میر ساکنہ گواڑی کی تین منزلہ عمارت جس میں 6دوکانیں (دو ہوٹل، نائی، سٹیشنری، کپڑے و فرنشنگ) کرائے پر تھیں، منصور ولد نظام الدین ساکنہ کاکو و اس کے دیگر بھائیوں کی تین منزلہ عمارت جس میں چار دوکانیں (موبائل سامان، چکن شاپ، کپڑے، سٹیشنری و فوٹو سٹیٹ)و محمد شریف ولد اسداللہ ساکنہ گواڑی کی تین منزلہ عمارت خاکستر ہوئیں ۔اس میں کل 3 دوکانیں شامل تھیں جن میں دو کریانہ، کاسمیٹک سٹور و تین کمروں میں آسام کے 3ریڑھی فروش کرائے پر رہتے تھے۔پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ کی ہولناک واردات میں ایک درجن کے قريب دوکانیں و تین عمارتیں خاکستر ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور متاثرین کی باز آبادکاری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ گندوہ بھلیسہ میں آج تک پیش آئی آگ کی درجنوں وارداتوں میں دو سو قریب دوکانات و مکانات جل کر راکھ ہوئے ہیں اور بھاری پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
بھلیسہ میں آتشزدگی کی بھیانک وارداتیں
11 فروری 2017 ملکپورہ میں تین رہائشی عمارتیں، 6 دوکانیں و ایک گاڑی خاکستر
14 اپریل 2017 گندوہ بازار میں 6 رہائشی مکانات و 26 دوکانیں خاکستر
20 اپریل 2017 کو بھٹیاس بازار میں آتشزدگی کی پراسرار واردات میں 16 رہائشی عمارتیں و 34 دوکانیں خاکستر ہوئیں تھیں.
12 جنوری 2019 کاہرہ بازار میں 3 رہائشی عمارتیں و 7 دوکانیں خاکستر
31 اگست 2019 کو گندوہ بازار میں آگ کی ہولناک واردات میں 12 عمارتیں و 6 دوکانیں خاکستر ہوئیں.
8 دسمبر 2023 اخیار پور جکیاس میں 8 دوکانیں خاکستر
8 جنوری 2024 باتھری بازار میں 4 دوکانیں خاکستر
8 اپریل 2024 گواڑی بازار میں 13 دوکانیں خاکستر
16نومبر 2024 بھٹیاس بازار میں 1 رہائشی مکان و 3 منزلہ عمارت خاکستر
11 نومبر 2025 گواڑی بازار میں 3 عمارتیں و 13 دوکانیں خاکستر