عاصف بٹ
کشتواڑ//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے کشتواڑ کے وقف کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب میں وقف ریلیف اینڈ ریسکیو پلیٹ فارم کا افتتاح کیا۔ یہ نیا پلیٹ فارم پورے ہندوستان میں وقف نیٹ ورک میں اپنی نوعیت کا پہلا پلیٹ فارم ہے۔ افتتاح کے بعد ڈاکٹر درخشاں نے کہا کہ وقف بورڈ عوام کا ادارہ ہے اور وقف بورڈ کا یہ پلیٹ فارم ادارے کے اندر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو مضبوط کرے گا جس سے ضرورت مند لوگوں کی مدد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں اس پلیٹ فارم کو ڈیجیٹل اور تکنیکی ٹولز سے جوڑ دیا جائے گا تاکہ اسے مزید موثر بنایا جا سکے۔ وقف چیئرپرسن نے دربار اسراریہ اور دربارِ فریدیہ میں سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کی۔ انہوں نے شاہ اسرار الدینؒ اور شاہ فرید الدینؒ کے صوفی مزاروں پر چادرپوشی میں شرکت کی اور لوگوں کی امن و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اندرابی نے مزارات پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات کی اور وقف بورڈ کے جموں و کشمیر کے تمام وقف بورڈ کے زیر انتظام مزارات پر بغیر کسی ناکامی کے تبدیلی اور ترقی کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وقف بورڈ کے ایگزیکٹیو آفیسر فردوس احمد بھوانی اور دیگر بھی پروگراموں میں ڈاکٹر اندرابی کے ساتھ تھے۔