عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر ٹورازم اینڈ الائیڈ بزنس فورم(جے کے ٹی اے بی ایف)نے منگل کووزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی موجودگی میں اسلامک یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت(ایم او یو)پر دستخط کئے۔اس مفاہمت نامے پر باضابطہ طور پر چیئرمین JKTABF مشتاق چایا اور IUSTکے سینئر نمائندوں نے دستخط کیے تھے۔ اس تاریخی تعاون کا مقصد ہوٹل آپریشنز، ایونٹ منیجمنٹ، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر متعلقہ خدمات جیسے شعبوں میں ہنر مند پیشہ ور افراد کی ایک نئی نسل تیار کرکے اکیڈمی اور سیاحت کی صنعت کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے۔یہ شراکت جموں و کشمیر میں سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایک تربیت یافتہ، پیشہ ور افرادی قوت کی تشکیل کو یقینی بنانے کیلئے منظم تربیتی پروگراموں، انٹرن شپس اور پیشہ ورانہ سرٹیفیکیشن کورسز کیلئے راہ ہموار کرے گی۔