عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے ایک اہم ورکنگ کمیٹی اجلاس طلب کیا ہے جو منگل، 18 نومبر 2025 کو پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی رہائش گاہ، شیخ باغ سرینگر میں منعقد ہوگا۔
پارٹی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، اجلاس صبح 11 بجے الطاف بخاری کی صدارت میں شروع ہوگا۔ اجلاس میں سینئر پارٹی رہنما اور ورکنگ کمیٹی کے ارکان شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس کے ایجنڈے میں جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، مقامی کاروباروں کو درپیش چیلنجز، سیاحتی شعبے کی مشکلات، اور خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر غور و خوض شامل ہے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ قیادت حالیہ سیاسی پیش رفت کا جائزہ لے کر آئندہ کے ممکنہ سیاسی منظرنامے کے لیے حکمتِ عملی مرتب کرے گی۔
الطاف بخاری کی قیادت میں جموں و کشمیر اپنی پارٹی خود کو ایک معتدل سیاسی قوت کے طور پر پیش کر رہی ہے، جو امن، ترقی، اور یونین ٹیریٹری میں جمہوری عمل کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔
18نومبر کو سرینگر میں جموں کشمیر اپنی پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب