عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں موجودہ حالات، حفاظتی انتظامات، اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر ریاستی و مرکزی فورسز کے درمیان ہم آہنگی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل پولیس نالین پربھات، آئی جی کشمیر وی کے بردی، سینئر فوجی افسران، سی آر پی ایف، این آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندگان نے شرکت کی۔ میٹنگ میں حالیہ دہلی دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، اس کے ممکنہ اثرات، اور جموں و کشمیر میں کسی بھی دہشت گردانہ سرگرمی کے خدشات کا جائزہ لیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مقامات، اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات پر سیکیورٹی سخت کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔انہوں نے فورسز کو تاکید کی کہ وہ لوکیشن بیسڈ انٹیلی جنس شیئرنگ، سی سی ٹی وی نگرانی، اور مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول میکانزم کو مزید مضبوط بنائیں۔میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر پولیس نے حالیہ دنوں میں کی گئی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ پیش کی، جن میں دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو توڑنے کے لیے جاری چھاپے، یو اے پی اے کے تحت گرفتاریوں اور بارڈر علاقوں میں انسدادِ دراندازی اقدامات شامل تھے۔
میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ تمام اضلاع میں ڈی ایم اور ایس ایس پیز کی زیرِ نگرانی روزانہ سیکیورٹی ریویو میٹنگیں ہوں گی جبکہ نیشنل ہائی وے، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز، اور سیاحتی مقامات پر چیکنگ اور گشت میں اضافہ کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و ترقی کا ماحول کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا، اور حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ امن برقرار رکھنے میں سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس یا متعلقہ اداروں کو دیں۔قابلِ ذکر ہے کہ کل شام دہلی کے لال قلعے میٹرو اسٹیشن کے قریب ہوئے دھماکے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور دو درجن زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا