عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر اور اننت ناگ نے ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے تمام فیکلٹی ممبران، شعبہ جات کے سربراہان، پیرا میڈیکل اسٹاف اور طلباء کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے لاکرز پر نام، عہدہ اور کوڈ درج کریں اور یہ عمل 14 نومبر 2025 تک مکمل کریں۔
ذرائع کے مطابق، جی ایم سی سرینگر کے منسلک اسپتالوں کے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، متعلقہ منزلوں کے آر ایم اوز اور جی ایم سی کے اسٹیٹس کم ٹرانسپورٹ آفیسر اسپتال اور کالج کے راہداریوں میں موجود اضافی لاکرز کا معائنہ کریں گے اور انہیں ہٹا دیا جائے گا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ جن ملازمین نے اپنے لاکرز کی شناخت نہیں کی ہوگی، وہ ان پر کسی قسم کا دعویٰ نہیں کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ سیکشن آفیسرز، اسٹیٹس آفیسرز اور اکاؤنٹس سیکشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک لاکرز باقاعدہ طور پر حوالے نہ کیے جائیں، کسی بھی ملازم کو ٹرانسفر کے وقت ایل پی سی، این او سی یا سروس بک جاری نہ کی جائے۔یہ اقدام اسپتال اور کالج کے راہداریوں میں جگہ کے بہتر استعمال اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
اسی ضمن میں جی ایم سی اننت ناگ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جاری ایک علیحدہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام شعبہ جات کے سربراہان اپنے متعلقہ شعبوں یا وارڈز میں موجود لاکرز یا الماریوں کی شناخت کریں اور جن عملے کو یہ الاٹ کی گئی ہیں، ان کے نام ان پر چسپاں کیے جائیں۔ کوئی بھی غیر شناخت شدہ لاکر یا الماری جس کا کوئی مالک نہ ہو، اس کی اطلاع فوری دی جائے۔
جی ایم سی سرینگراوراننت ناگ نے عملے اور طلباء کو 14 نومبر تک لاکرز پر نام درج کرنے کی ہدایت دی