عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے امیدوار آغا منتظر مہدی نے منگل کے روز کہا کہ عوام بڑی تعداد میں باہر نکل کر اُن ناانصافیوں کے خلاف ووٹ دے رہے ہیں جو برسوں سے نیشنل کانفرنس نے کی ہیں۔ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مہدی نےکہا کہ ماضی میں نیشنل کانفرنس کے جیتے ہوئے انتخابات جذبات کی بنیاد پر تھے، لیکن اس بار ووٹ ’’نامکمل وعدوں کے خلاف احتجاج‘‘ ہے۔انہوں نے کہا،عوام کا ماننا ہے کہ آج کا انتخاب اُن کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کا ازالہ کرے گا۔ پہلے جو وعدے کیے گئے تھے وہ زمین پر کبھی پورے نہیں ہوئے، اور اسی وجہ سے ووٹر اب اپنے غصے کا اظہار بیلٹ کے ذریعے کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے حالیہ انتخابی دورے کا ذکر کرتے ہوئے آغا منتظر مہدی نے کہا کہ ایسے دورے ’’کوئی خاص فرق نہیں ڈالیں گے‘‘۔انہوں نے مزید کہااب عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب وہ سوتیلا سلوک برداشت نہیں کریں گے۔ جن لوگوں نے مقامی آبادی کو آخری وقت پر تنہا چھوڑ دیا، وہ صرف اب دکھاوا کرنے سے اعتماد دوبارہ حاصل نہیں کر سکتے۔
لوگ بڑی تعداد میں ووٹ دے کر نیشنل کانفرنس کی ناانصافیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں: آغا منتظر