عشرت حسین بٹ
منڈی// پیرکوضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساوجیاں سیکٹر میں تعینات ایک بی ایس ایف پوٹر پہاڑی سے لڑھک کر لقمہ اجل بن گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس حادثے میں لقمہ اجل بنے شخص کی شناخت مشتاق احمد ولد اکبر ڈار سکنہ گنتڑ ساوجیاں کے طور پر ہوئی جو بی ایس ایف کے ساتھ سرحدی علاقہ پرال کوٹ میں ڈیوٹی کررہا تھا اور ایک جگہ سے دوسری جگہ سامان لے جاتے ہوئے اچانک اس کا پاوں پہاڑی سے چلتے ہوئے پھسل گیا اور وہ پہاڑی سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گرا اور وہ موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔بعد ازاں اس کی نعش کو مقامی لوگوں پولیس اور بی ایس ایف کے نوجوانوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں اس کے قانونی لوازمات انجام دئیے گئے ۔پوسٹ مارٹم کے بعد متوفی کی نعش کو اس کے اہل خانہ کو آخری رسومات کے لئے سونپ دیا گیا اس سلسلے میں پولیس تھانہ منڈی میں ایک کیس بھی درج کیا گیا۔