جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں پیر کے روز ایک اُگنی ویر اہلکار اس وقت زخمی ہوگیا جب اس نے اچانک ایک بارودی سرنگ پر قدم رکھ دیا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ یہ واقعہ تحصیل منکوٹ کے ٹائی علاقے میں پیش آیا جہاں فوجی دستے معمول کی گشت پر تھے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، دھماکہ اس وقت ہوا جب اُگنی ویر اہلکار نے غیر ارادی طور پر بارودی سرنگ پر قدم رکھا۔ دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی اور قریبی فوجی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔زخمی فوجی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری طور پر ادھم پور کے آرمی بیس ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ زخمی اہلکار کی شناخت ’سکھویندر سنگھ‘ کے طور پر کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقہ لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے، جہاں اکثر اوقات پرانی بارودی سرنگیں زمین میں دبی رہتی ہیں، جو کبھی کبھار اس طرح کے واقعات کا سبب بن جاتی ہیں۔فوجی حکام نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے تاکہ کسی دوسری ممکنہ بارودی سرنگ یا خطرے کا پتہ لگایا جا سکے۔ واقعے کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔