بلال فرقانی
سرینگر//بڈگام اور نگروٹہ حلقوں کے ضمنی انتخابات کیلئے آج ووٹنگ ہونے جارہی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ بڈگام اور ادہم پورکا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے اور شفاف اور ہموار پولنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔
بڈگام
ضلع مجسٹریٹ بڈگام بلال محی الدین نے کہا کہ 1 لاکھ 26 ہزار 25رائے دہندگان کے لئے کل 173پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں کچھ خصوصی پولنگ مراکز بھی شامل ہیں۔موصوف نے ضمنی انتخابات کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا: ‘ساری تیاریاں کی گئی ہیں، ووٹروں ، پولنگ مراکز ، کمیونکیشن، سیکورٹی، ٹرانسپورٹیشن سے متعلق سب تیاریاں مکمل ہیں’۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے اختتام پذیر ہوگا۔ڈاکٹر بلال نے کہا کہ اگر کسی ووٹر کے پاس ووٹر سلپ نہیں ہے تو وہ اس کے باوجود بھی ووٹ ڈال سکتا ہے ۔انہوں نے کہا: ‘الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 13 ایسے شناختی کارڈ رکھے ہیں جن کا استعمال کرکے ووٹ ڈالا جا سکتا ہے جن میں الیکشن کارڈ، آدھار کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس وغیر شامل ہے ‘۔ان کا کہنا ہے کہ تمام 173 پولنگ مراکز اہم اور حساس ہیں جہاں ویب کاسٹنگ کی سہولیت رکھی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز میں جہاں ووٹروں کے لئے وہیں پولنگ عملے کے لئے بھی تمام تر انتظامات اور سہولیات کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔پچھلے اسمبلی انتخابات میں یہاں 52.68 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے اورنیشنل کانفرنس امیدوار عمر عبداللہ نے 36,010 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ڈی پی امیدوار آغا سید منتظر نے 17,525ووٹ حاصل کیے تھے۔اب کی باربڈگام اسمبلی سیٹ پر 17امیدوار میدان میں ہیں جن میں نیشنل کانفرنس کے آغا سید محمود ،پی ڈی پی کے آغا سید منتظر ،بھارتیہ جنتا پارٹی کے آغا سید محسن،عام آدمی پارٹی کی دیبا خان،اپنی پارٹی کے مختار احمد ڈار،ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے پرویز احمد میر،آزاد امیدوار منتظر محی الدین، عوامی اتحاد پارٹی کے نذیر احمد خان، ڈاکٹر مقبول بٹ، جبران ڈار،مشتاق احمد بٹ،پنتھرس پارٹی(بھیم) کے فاروق احمد،راشٹریہ لوک دل کے منظور احمد گنائی،سمپورن بھارت کرانتی پارٹی کے محمد شفیع شاہ اور نیشنل لوک تانترک پارٹی کے شبیر احمد گنائی بھی قسمت آزما رہے ہیں۔
نگروٹہ
حلقہ نگروٹہ میں 150 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔بڈگام حلقہ انتخاب میں اس بار 1.26 لاکھ رائے دہندگان ووٹ دینے کے اہل ہیں، جو پچھلے انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ہے۔یہاں 10 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں اہم مقابلہ بی جے پی کی دیویانی رانا، نیشنل کانفرنس کی شمیم بیگم اور نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدر ہرش دیو سنگھ کے درمیان ہے۔اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے جوگندر سنگھ، اپنی پارٹی کے بودھ راج اور تین آزاد امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ نگروٹہ حلقے میں 97,893 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جو 150 پولنگ سٹیشن پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔دونوں حلقوں میں پولنگ کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامیہ نے سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ پولنگ عملے کو متعین مراکز پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے شفاف اور آزادانہ ووٹنگ کو یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔