یو این آئی
نئی دہلی// سپریم کورٹ نے پیر کے روز خواتین ریزرویشن ایکٹ کے نفاذ کی مانگ کرنے والی ایک عوامی مفاد کی عرضی پر مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ اس ایکٹ میں لوک سبھا، ریاستی اسمبلیوں اور دہلی اسمبلی میں خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن کا التزام ہے ۔جسٹس بی وی ناگ رَتنا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدلیہ کے پاس پالیسی کے نفاذ میں مداخلت کی محدود گنجائش ہے ، لیکن اس معاملے میں آگے بڑھنے سے قبل مرکز کا جواب طلب کیا جا رہا ہے ۔جسٹس ناگ رَتنا نے کہا ”پری ایمبل سیاسی اور سماجی مساوات کی بات کرتا ہے ۔ اس ملک میں سب سے بڑا اقلیتی طبقہ کون ہے ؟ خواتین، جو تقریباً 48 فیصد ہیں۔ یہ خواتین کی سیاسی مساوات کے بارے میں ہے ۔”یہ عوامی مفاد کی عرضی کانگریس کی رہنما ڈاکٹر جیا ٹھاکر نے دائر کی ہے ، جنہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ کسی نئے حلقہ بندی کی کارروائی کا انتظار کیے بغیر خواتین ریزرویشن ایکٹ کو فوری نافذ کرنے کا حکم دیا جائے ۔ نئے حلقہ بندی کی کارروائی فی الحال قانون میں ایک لازمی شرط ہے ۔عرضی گزار کی طرف سے سینئر ایڈووکیٹ شوبھا گپتا نے دلیل دی کہ آزادی کے 75 سال بعد بھی خواتین قانون ساز اداروں میں متناسب نمائندگی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔