یو این آئی
لاہور//پاکستان خواتین کی سابق چیئرپرسن،ماہر تعلیم، دانشور اور انسانی حقوق کارکن ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کا لاہور میں انتقال ہوگیا ۔وہ 83 برس کی تھیں ۔ڈاکٹرعارفہ کو کل ان کے خاندانی قبرستان، کیولری گرانڈ لاہور میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ ایک نامور ماہر تعلیم، مفکر،مصلح، حقوق انسانی کی علمبردارتھیں۔ انہوں نے تاریخ اور سماجی علوم میں نمایاں خدمات انجام دی تھیں انہوں نے پاکستان میں مینارہ نور بن کر کئی نسلوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔انہوں نے مشیر برائے تعلیم و قومی ہم آہنگی وزیر اعظم کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر عارفہ زہرہ اردو ادب و زبان پر اپنی گہری علمیت کے باعث معروف تھیں، اور 50 سال سے زائد عرصے تک تدریس کے شعبے سے وابستہ رہیں۔لاہور میں پیدا ہونے اور وہیں پروان چڑھنے والی ڈاکٹر عارفہ نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) سے آنرز کے ساتھ بی اے کیا، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور سے اردو میں ایم اے، اور یونیورسٹی آف ہوائی، مانووا سے ایشیائی مطالعات (Asian Studies)میں ایم اے اور تاریخ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ان کا شمار انسانی حقوق کے علمبرداروں میں ہوتا تھا۔ نرم تہذیبی شائستگی سے مرصع لہجہ اور محبتوں سے بھری شیرینی جو براہ راست دلوں میں اترجاتی تھی اور سننے والوں کو متاثر کئے بغیر نہیں رہتی تھی ان کا خاص وصف تھا۔ بظاہر چھوٹے چھوٹے جملوں میں بلیغ معانی والی بڑی گہری باتیں کیا کرتی تھیں۔