عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کے تسلسل میں اننت ناگ پولیس نے پیر کے روز متعدد مقامات پر محاصرہ و تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ یہ کارروائیاں ان عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں جو ملک دشمن سرگرمیوں، ملی ٹینٹ تنظیموں کے نیٹ ورکس اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق، پولیس کی ٹیموں نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر لال چوک اننت ناگ اور ضلع جیل کہری بل کے نزدیکی علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔ اس دوران متعدد مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی اور کئی افراد کی شناخت کی تصدیق عمل میں لائی گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ان کارروائیوں کا مقصد مخالفِ قوم عناصر کی سرگرمیوں کی نگرانی، مشتبہ حرکات پر نظر رکھنا اور امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھنا ہے۔اننت ناگ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’عوامی تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی منظم اور مربوط انداز میں جاری رہیں گی۔‘پولیس نے مزید کہا کہ ان کارروائیوں سے نہ صرف ملی ٹینسی کے نیٹ ورک کو توڑنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ شہریوں میں اعتماد اور سلامتی کا احساس بھی بڑھ رہا ہے۔
اننت ناگ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری