عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پولیس نے پیر کے روز کہا کہ ایک بڑی انسدادِ ملی ٹینسی کارروائی میں جموں و کشمیر پولیس نے بین الریاستی اور بین الاقوامی ملی ٹینسی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے جو کالعدم تنظیموں جیشِ محمد اور انصار غزوت الہند سے منسلک تھا۔ اس کارروائی کے دوران اہم ارکان کو گرفتار کیا گیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق، 19 اکتوبر 2025 کو سرینگر کے بونپورہ نوگام علاقے میں مختلف مقامات پر جیشِ محمد کے متعدد پوسٹر لگائے گئے تھے جن میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو دھمکیاں دی گئی تھیں۔ اس کے بعد پولیس اسٹیشن نوگام میں ایف آئی آر نمبر 162/2025 درج کی گئی، جس میں یو اے پی اے، ایکسپلوسِو سبسٹینس ایکٹ اور آرمز ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ایک منظم ’’وائٹ کالر‘‘ملی ٹنٹ نیٹ ورک سرگرم تھا، جس میں تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد اور طلبہ شامل تھے جو بیرونِ ملک، بالخصوص پاکستان میں موجود اپنے ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے۔ یہ گروہ خفیہ ایپس کے ذریعے نظریاتی برین واشنگ، رابطے، فنڈز کی ترسیل اور لاجسٹک سپورٹ میں ملوث تھا۔
فنڈز کو سماجی اور فلاحی تنظیموں کے نام پر جمع کیا جا رہا تھا، جنہیں بعد میں ملی ٹینسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان نے نوجوانوں کو شدت پسندی کی طرف راغب کرنے، بھرتی کرنے، اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی اور آئی ای ڈی (IED) بنانے کے لیے مواد اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
Inter-state terror module linked with terrorists organisations Jaish-e-Mohammed (JeM) and Ansar Ghazwat-ul-Hind (AGuH) busted. pic.twitter.com/TNSd8PGV7g
— J&K Police (@JmuKmrPolice) November 10, 2025
پولیس کےمطابق گرفتارشدگان کی شناخت عارف نصار ڈار عرف ساحل ساکن نوگام سرینگر، یاسرالاشرف ساکن نوگام سرینگر، مقصود احمد ڈار عرف شاہد ساکن نوگام سرینگر، مولوی عرفان احمد (امام مسجد) ساکن شوپیاں، ضمیر احمد آہنگر عرف متلشاہ ساکن واکورہ گاندربل، ڈاکٹر مزمل احمد گنائی عرف مصعب ساکن کوئل پلوامہ اور ڈاکٹر عدیل ساکن وانپورہ کولگام کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مزید مشتبہ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں جلد گرفتار کیا جائے گا۔تحقیقات کے دوران سرینگر، اننت ناگ، گاندربل اور شوپیاں میں چھاپے مارے گئے، جبکہ ہریانہ کے فریدآباد اور اتر پردیش کے سہارنپور میں بھی مقامی پولیس کی مدد سے کارروائیاں کی گئیں۔
اب تک کی کارروائی میں ایک چینی اسٹار پستول بمعہ گولیاں،ایک بریٹا پستول بمعہ گولیاں، ایک اے کے 56 رائفل بمعہ گولیاں، ایک اے کے کرنکوف رائفل بمعہ گولیاں،2900کلوگرام آئی ای ڈی بنانے کا مواد (جس میں دھماکہ خیز اشیاء، کیمیکل، الیکٹرانک سرکٹس، بیٹریاں، وائرز، ریموٹ کنٹرول، ٹائمرز اور دھاتی پلیٹس شامل ہیں)جیسی اشیاء برآمد کی گئی ہیںپولیس نے کہا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ فنڈز کے ذرائع اور تعلقات کا مکمل پتہ لگایا جا سکے۔بیان کے مطابق، یہ کامیابی پولیس ٹیم کی انتھک محنت اور عزم کا نتیجہ ہے۔ جموں و کشمیر پولیس ملی ٹینسی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔