عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 11 نومبر 2025 (منگل) کو اسمبلی حلقہ نمبر 27 بڈگام اور 77 نگروٹہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر تنخواہ سمیت عام تعطیل ہوگی۔یہ فیصلہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 135-بی کے تحت کیا گیا ہے، جیسا کہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 16 اکتوبر 2025 کو جاری سرکاری حکم نامہ نمبر 1355-JK(GAD) میں درج ہے۔
حکم نامے کے مطابق، انتخابی دن ان تمام افراد کے لیے تنخواہ سمیت تعطیل ہوگی جو کسی بھی کاروبار، تجارت، صنعتی ادارے یا دیگر اداروں میں ملازم ہیں اور متعلقہ حلقوں میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ اس دن غیر حاضری کی بنیاد پر کسی کی تنخواہ میں کوئی کٹوتی یا کمی نہیں کی جائے گی۔حکومت نے مزید وضاحت کی ہے کہ اگر کوئی بھی شخص اس حکم کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس پر پانچ سو روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، یہ اصول ان ووٹروں پر لاگو نہیں ہوگا جن کی غیر موجودگی سے ان کے ادارے کو نقصان یا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ تعطیل قابلِ انتقال دستاویزات ایکٹ 1881 کی دفعہ 25 کے تحت بھی تسلیم کی جائے گی، جس کے تحت سرکاری و نجی دفاتر جو ان حلقوں کے دائرے میں آتے ہیں، پولنگ کے دن بند رہیں گے۔
بڈگام نگروٹہ ضمنی انتخابات :حکومت کا11نومبر کو عام تعطیل کا اعلان