رام بن ،کشتواڑ ،کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میںتلاشی کارروائیاں،متعددمشتبہ افراد پوچھ گچھ کیلئے طلب
محمد تسکین +عاصف بٹ
جموں//جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز ملی ٹینسی کے خلاف جاری مہم کو مزید وسعت دیتے ہوئے جموں خطے کے متعدد اضلاع میں ایک منظم اور بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کیں۔پولیس ذرائع کے مطابق رام بن، کشتواڑ،کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں درجنوں مقامات پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کی گئیںجب کہ ایک روز قبل ڈوڈہ میں بھی بڑے پیمانے پر انسدادِ ملی ٹینسی آپریشن انجام دیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بعض ملی ٹینٹ، جو اس وقت پہاڑی علاقوں میں سرگرم ہیں، سردیوں کے موسم میں محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں میدانوں کی طرف منتقل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے زمینی سطح پر محاصرہ و تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
بانہال
ضلع رام بن میں امن و امان برقرار رکھنے اور سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے رام بن پولیس نے اتوار کے روز سب ڈویژن بانہال اور گول سمیت مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاش کاروائیوں کے آپریشنز انجام دیئے۔ ضلع رام بن سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد رہائشی پچھلے بیس ۔ پچیس برسوں سے پاکستان اور پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں مقیم ہیں۔ یہ کارروائیاں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام بن ارون گپتا کی نگرانی میں منظم انداز میں کی گئیں۔ ان آپریشنز کا مقصد پاکستان میں مقیم جموں و کشمیر کے باشندوںکے رشتہ داروں کی سرگرمیوں کی جانچ، مشکوک افراد کے کوائف کی تصدیق، اور حساس علاقوں میں سیکورٹی کو مزید سخت کرنا تھا۔پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائیاں بانہال کے کسکوٹ ، ڈولیگام ، تانترے پورہ ، گول کے سنگلدان ، اند ، موئیلہ ، بھیم داسہ، اور رام بن کے بٹوت اور ڈیموٹ کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں کئے گئے۔آپریشنز کے دوران پولیس نے پاکستان میں سرگرم جموں و کشمیر کے ملی ٹینٹوں کے رشتہ داروں اور اوور گراؤنڈ ورکرز سے وابستہ متعدد گھروں کی تلاشی لی۔ پولیس ٹیموں نے مختلف مقامات پر تفصیلی جانچ کر کے اس بات کو یقینی بنایا کہ کہیں کوئی غیر قانونی یا ملک دشمن سرگرمی انجام نہ دی جا رہی ہو۔یہ کارروائیاں رام بن پولیس، فوج، سی آر پی ایف، ایس او جی اور ڈیوٹی مجسٹریٹس کی مشترکہ ٹیموں نے ضلع کے حساس علاقوں میں انجام دیں۔ حکام کے مطابق یہ آپریشنز منظم اور پُرامن انداز میں کیے گئے تاکہ عام عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔پولیس نے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں روک تھام اور انٹیلی جنس بنیاد پر کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہیں، جن کا مقصد ضلع میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔ رام بن پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی ملک دشمن نیٹ ورک کو ختم کرنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع دیں، اس یقین دہانی کے ساتھ کہ اطلاع دہندگان کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔واضح رہے کہ ضلع رامبن کے بانہال ، کھڑی ، رامسو ، گول اور رامبن کی تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد رہائشی پچھلے بیس سے پچیس سالوں سے مختلف ملی ٹینٹ تنظیموں میں شامل ہونے کے بعد پاکستان اور اس کے قبضہ والے علاقوں میں چلے گئے ہیں جن میں بانہال سب ڈویژن سے ساٹھ سے ستر ، گول سب ڈویژن سے سترہ ملی ٹینٹ شامل ہیں ۔
کشتواڑ
کشتواڑ پولیس نے کشتواڑ ضلع کے متعدد علاقوں کے ساتھ چھاترو ،مڑواہ کے سب ڈویژن میں متعدد مقامات پر بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشنز کی کارروائیاں انجام د یں جن کا مقصد پاکستان سے کام کرنے والے جموں و کشمیر کے باشندوں کے رشتہ داروں کی مشکوک سرگرمیوں کا پتہ لگانا اور مشتبہ افراد کے سابقہ واقعات کی تصدیق کرنا اور حساس علاقوں کے ارد گرد سیکورٹی کو سخت کرنا تھا۔کارروائیوں کے دوران پاکستان سے کام کرنے والے جموں و کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے رشتہ داروں اور ساتھیوں اور اوور گراؤنڈ ورکرز کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ پولیس ٹیموں نے متعدد احاطوں کا معائنہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی ملک مخالف یا غیر قانونی سرگرمیاں انجام نہیں دی جا رہی ہیں اور نہ ہی ان کی حمایت کی جا رہی ہے۔ یہ مہم کشتواڑ پولیس کی مشترکہ ٹیموں کے ساتھ ایس او جی یونٹس کے ذریعہ چلائی گئی جس میں ضلع بھر کے مختلف حساس علاقوں کا احاطہ کیا گیا۔ اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں جاری حفاظتی اور انٹیلی جنس پر مبنی اقدامات کا حصہ ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رہے۔پولیس نے بڑے پیمانے پر عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت یا افراد سے متعلق کوئی بھی قیمتی معلومات شیئر کریں ۔
کٹھوعہ،راجوری
ذرائع کے مطابق اسی نوعیت کی چھاپہ مار کارروائیاں کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں بھی کی گئیں جہاں متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، یہ مہم ’انسدادِ ملی ٹینسی کے مربوط آپریشنز‘ کا حصہ ہے جس کا مقصد وادی اور جموں خطے میں امن و قانون کو مستحکم بنانا اور ملی ٹینٹ نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔