عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سی پی آئی (ایم) کے رہنما اور ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے جموں و کشمیر میں زعفران کی پیداوار میں مسلسل کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ کاشتکاروں کی مدد اور ورثے کی فصل کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات کرے۔تاریگامی نے کہا کہ اس سال کی کم پیداوار نے ان ہزاروں خاندانوں میں پریشانی پیدا کردی ہے جن کی روزی روٹی زعفران پر منحصر ہے ۔ایم ایل اے موصوف نے کہا کہ ناکافی آبپاشی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔تاریگامی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ زعفران کے کھیتوں میں بغیر کسی تاخیر کے ایک فعال اور قابل بھروسہ آبپاشی کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سیزن میں کاشتکاروں کو ہونے والے نقصان کا فوری اندازہ ہونا چاہئے اور مناسب معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے۔