عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز ملی ٹینسیکے خلاف جاری مہم کو مزید وسعت دیتے ہوئے جموں خطے کے متعدد اضلاع میں ایک منظم اور بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کیں۔ ان کارروائیوں کا ہدف پاکستان میں سرگرم مقامی ملی ٹینٹوں کے اہلِ خانہ، سہولت کاروں اور مشتبہ روابط رکھنے والے افراد کو بنایا جا رہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق رام بن، کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں درجنوں مقامات پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ ایک روز قبل ڈوڈہ میں بھی بڑے پیمانے پر انسدادِ ملی ٹینسی آپریشن انجام دیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بعض ملی ٹینٹ، جو اس وقت پہاڑی علاقوں میں سرگرم ہیں، سردیوں کے موسم میں محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں میدانوں کی طرف منتقل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد سیکیورٹی ایجنسیوں نے زمینی سطح پر محاصرہ و تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ رام بن کے بانہال اور گول علاقوں میں پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ طور پر تلاشی مہم چلائی۔ یہ کارروائیاں ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون گپتا کی نگرانی میں انجام دی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران پاکستان میں سرگرم جموں و کشمیر کے ملی ٹینٹوں کے رشتہ داروں اور ان کے مبینہ معاونین کے گھروں کی تلاشی لی گئی تاکہ کسی بھی غیر قانونی یا ملک دشمن سرگرمی کی نشاندہی کی جا سکے۔ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حساس علاقوں میں متعدد عمارتوں کی باریکی سے جانچ کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ کسی بھی شخص یا گروہ کی طرف سے تخریبی سرگرمیوں کی پشت پناہی نہ ہو۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں عوامی تعاون کے ساتھ پرامن انداز میں انجام دی گئیں اور عام شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ نقل و حرکت یا افراد کے بارے میں فوراً اطلاع دیں، ان کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اسی نوعیت کی چھاپہ مار کارروائیاں کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں بھی جاری ہیں، جہاں متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، یہ مہم ’انسدادِ ملی ٹینسی کے مربوط آپریشنز‘ کا حصہ ہے جس کا مقصد وادی اور جموں خطے میں امن و قانون کو مستحکم بنانا اور دہشت گرد نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔
جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسداد ملی ٹینسی کارروائیاں، متعدد اضلاع میں چھاپے جاری