عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرکے آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی کی راہ ہموار کی۔
رنگریٹ میں ایک عوامی جلسے کے حاشیے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ محبوبہ مفتی کو گننا چاہیے کہ انہوں نے کیا کیا۔عمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے جی ایس ٹی قانون نافذ کیا، بی جے پی کو یہاں لایا اور آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی کی بنیاد رکھی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ محبوبہ مفتی کو دوسروں پر تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں جب کہ ان کے اپنے فیصلوں نے جموں و کشمیر کو نقصان پہنچایا۔عمرعبداللہ نے کہا2016 میں تباہی ہوئی، بہت سے لوگوں نے اپنی جانیں گنوائیں، لیکن محبوبہ مفتی نے نہ تو 2016 کے لیے معافی نہیں مانگی، نہ ہی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے پر انہیں آج تک کسی قسم کی کوئی ندامت ہوئی۔بائیں بازو کی جماعتوں سے موازنہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جب بائیں بازو نے جیوتی باسو کو وزیر اعظم نہ بننے دینے کی غلطی کی، تو انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ ایک تاریخی غلطی تھی۔انھوں نے کہا کیا محبوبہ مفتی کم از کم اپنی تاریخی غلطی تسلیم نہیں کر سکتیں جو انہوں نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا کر کی؟ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ وہ معافی مانگنے سے کیوں شرما رہی ہیں۔
محبوبہ مفتی نے بھاجپا کے ساتھ ہاتھ ملا کر دفعہ 370 کی منسوخی کی راہ ہموار کی: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ