عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں سیاحتی حسن اور خوشبویات پر مبنی زراعت کو فروغ دینے کے لیے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا نے ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے بانہال سے قاضی گنڈ تک قومی شاہراہ کے 16.26 کلومیٹر حصے پر لیونڈر کی شجرکاری شروع کر دی ہے۔اس منصوبے کا مقصد نہ صرف شاہراہ کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ ماحولیاتی توازن، خوشبودار سیاحت اور مقامی کسانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔حکام نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد شاہراہوں کو ماحولیاتی لحاظ سے خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو خوشبودار پودوں کی کاشت سے مالی فائدہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانہال ۔ قاضی گنڈ شاہراہ کے ایک بڑے حصے پر لیونڈر کے پودے لگائے گئے ہیں، جس کے لیے کل 200 کنال زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ سی ایس آئی آر – انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹیو میڈیسن کے ساتھ ہوئے مفاہمتی معاہدے کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیونڈر کی شجرکاری نہ صرف شاہراہ کے اطراف کے علاقوں کے لیے جمالیاتی حسن میں اضافہ کرے گی بلکہ مقامی معیشت اور سیاحت پر بھی مثبت اثر ڈالے گی۔ ’لیونڈر کے پھولوں کی نیلگوں اور جامنی رنگت شاہراہ کے دونوں اطراف ایک دلکش منظر پیش کرے گی۔ جب یہ پھول پوری طرح کھل جائیں گے تو یہ پورا علاقہ ایک دیدہ زیب وادی کا منظر پیش کرے گا، جو مقامی اور بیرونی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ’گڈ گورننس‘ اور ماحولیاتی شعور کی ایک علامت ہے۔ ’خوبصورتی سے آراستہ شاہراہیں کسی خطے کی ترقی اور انتظامی وژن کو ظاہر کرتی ہیں۔ ایسے منصوبے نہ صرف ماحول کے تحفظ میں مدد دیتے ہیں بلکہ آنے والے مسافروں اور سیاحوں پر ایک خوشگوار تاثر چھوڑتے ہیں۔‘پروجیکٹ کی پیش رفت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اب تک شمالی پورٹل پر 23,000 لیونڈر کے پودے اور جنوبی پورٹل پر 29,000 پودے لگائے جا چکے ہیں۔ یہ صرف آغاز ہے، آنے والے مہینوں میں مزید علاقوں میں لیونڈر کی کاشت کو وسعت دی جائے گی تاکہ پورا بانہال۔قاضی گنڈ سیکشن ایک خوشبودار وادی میں تبدیل ہو سکے۔ذرائع کے مطابق، لیونڈر شجرکاری کے ساتھ ساتھ خوشبودار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے قومی شاہراہ مقامی کسانوں اور خود امدادی گروپوں کے ساتھ شراکت داری کر رہی ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہ منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھا تو یہ جموں و کشمیر کی قومی شاہراہوں کو دنیا کے خوبصورت ترین راستوں میں شمار کر سکتا ہے۔ اس سے خطے میں اکو ٹورزم، آرومہ انڈسٹری اور دیہی معیشت کو زبردست فروغ ملے گا۔یاد رہے کہ بانہال۔قاضی گنڈ سرنگ جموں و کشمیر کی سب سے اہم شاہراہوں میں سے ایک ہے، جو وادیٔ کشمیر کو جموں خطے سے جوڑتی ہے۔ اب جب کہ اس راستے کے کنارے لیونڈر کے کھیت اُگنے لگے ہیں، ماہرین امید کر رہے ہیں کہ یہ منصوبہ نہ صرف شاہراہ کی خوبصورتی بلکہ کشمیر کی اقتصادی خوشبو کو بھی نئی شناخت دے گا۔
بانہال۔ قاضی گنڈ شاہراہ کے کنارے لیونڈر شجرکاری کا آغاز، سیاحت کو فروغ دینے کا منصوبہ