عظمیٰ نیوز سروس
درہال //گورنمنٹ ڈگری کالج درہال میں قومی گیت وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک شاندار اور ولولہ انگیز تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب کالج کے پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد مرزا کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں کالج کے اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا آغاز روایتی چراغ روشن کرنے سے ہوا، جس کے بعد کالج کے گیت منڈلی نے وندے ماترم کی خوبصورت پیشکش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے۔ طلباء نے اس موقع پر تقاریر، نظمیں اور ثقافتی پروگرام پیش کئے جن میں اس گیت کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ یہ گیت 1875 میں بنکم چندر چٹرجی نے تحریر کیا تھا، جو آزادی کی جدوجہد کے دوران قومی اتحاد و حب الوطنی کی علامت بن گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد مرزا نے کہا کہ وندے ماترم محض ایک گیت نہیں بلکہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک اور قومی فخر کی علامت ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس گیت کے پیغام ’ اتحاد، ہم آہنگی اور وطن سے محبت‘ کو اپنی زندگی میں عملی طور پر اپنائیں۔تقریب کے کامیاب انعقاد میں ڈاکٹر غلام عباس، ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر تسیم احمد، ڈاکٹر محمد اخلاق، ڈاکٹر انزار احمد اور دیگر فیکلٹی ممبران نے فعال کردار ادا کیا۔