عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//رکنِ اسمبلی راجوری، افتخار احمد نے ہیلتھ سب سینٹر چلاس کا اچانک دورہ کیا تاکہ مرکز کی کارکردگی اور مقامی عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران متعلقہ افسران نے ایم ایل اے کو مرکز میں جاری سرگرمیوں، دستیاب طبی بنیادی ڈھانچے، اور عملے کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ افتخار احمد نے موقع پر موجود طبی عملے اور مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی اور عوامی صحت کی بہتری کے لئے ان کے مسائل سنے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو بنیادی صحت سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ چلاس اور ملحقہ دیہات کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں تاکہ کوئی بھی شخص ضروری طبی خدمات سے محروم نہ رہے۔افتخار احمد نے مزید کہا کہ دیہی و پسماندہ علاقوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت عوامی بہبود کے عزم کے تحت راجوری ضلع میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے اور خدمت کی فراہمی کے نظام کو مضبوط کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ایم ایل اے کے اس اچانک دورے کو عوام نے سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں سے علاقے میں صحت کی سہولیات مزید بہتر ہوں گی اور لوگوں کو بروقت علاج میسر آئے گا۔