اشرف چراغ
کپوارہ// کپواڑہ ضلع کے کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنانے کے بعد دو نامعلوم ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا۔فوج نے جمعہ کو کہا کہ یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب الرٹ فوجیوں نے دیر رات ایل او سی کے قریب مشکوک نقل و حرکت دیکھی اور دراندازوں کو للکارا، جنہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فوجیوں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فوج کی سرینگر میں قائم چنار کور نے ایکس پر بتایا کہ “دو ملی ٹینٹوں کو سیکورٹی فورسز نے جاری آپریشن میں بے اثر کر دیا ہے۔”اس سے پہلے، فوج نے کہا کہ فوجیوں نے سیکٹر میں ممکنہ دراندازی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا۔چنار کور نے کہا، “7 نومبر 2025 کو، ایجنسیوں کے مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر، دراندازی کی کوشش کے سلسلے میں، کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا ۔ الرٹ فوجیوں نے مشکوک سرگرمی دیکھی اور چیلنج کیا، جس کے نتیجے میں ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، رابطہ قائم کیا گیا اور ملی ٹینٹوں کو گھیرے میں لیا گیا”۔یہ ایک ماہ کے اندر کپواڑہ ضلع میں دراندازی کی دوسری کوشش کو ناکام بنایا گیا۔ 14 اکتوبر کو ضلع کے مژھل سیکٹر میں2 دراندازوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ایل او سی کے ساتھ ملی ٹینٹ گروپ اکثر جموں و کشمیر میں دراندازی کی کوششوں کو تیز کر دیتے ہیں اس سے پہلے کہ بھاری برف باری سے اونچائی پر گزرنے والے راستے بند ہو جائیں، سردیوں کے مہینوں میں سرحد پار سے نقل و حرکت مشکل ہو جاتی ہے۔