عارف بلوچ
اننت ناگ//بارہمولہ سے بانہال جارہی ریل کو بجبہاڑہ کے نزدیک ونڈ اسکرین سے عقاب ٹکرایا جس کے نتیجے میں لوکو پائلٹ زخمی ہوگیا تاہم ریل میں تمام مسافر محفوظ رہے۔بارہمولہ سے بانہال کی طرف جانے والی مسافر ٹرین (نمبر 74626) کے ساتھ ایک چیل ٹکرایا۔ یہ واقعہ بجبہاڑہ اور اننت ناگ ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا، جس کے بعد کچھ دیر کے لیے ٹرین خدمات معطل رہیں۔چیل اچانک پرواز کرتے ہوئے ٹرین کے اگلے حصے سے ٹکرا گیا، جس سے لوکو پائلٹ وِشال معمولی طور زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق تصادم کے وقت ٹرین معمول کی رفتار سے چل رہی تھی، تاہم اچانک ٹکر کے باعث ٹرین کو فوری طور روک دیا گیا۔زخمی پائلٹ کو اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔ واقعے کے بعد ریلوے حکام اور تکنیکی ماہرین کی ایک ٹیم نے انجن اور ٹرین کے اگلے حصے کا تفصیلی معائنہ کیا جس کے بعد ہی سروس دوبارہ بحال کی گئی ۔