عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز نیشنل کانفرنس پر جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ “خیانت اور دھوکہ” کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ پارٹی انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔محبوبہ نے بڈگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این سی کو برسراقتدار آئے ایک سال گزر چکا ہے لیکن مفت گیس، مفت بجلی اور مفت راشن جیسے وعدوں میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوا۔ایک پارٹی آتی اور جاتی ہے، اور لوگوں کو یقین دلایا جاتا ہے کہ حالات بدل جائیں گے، ایک سال پہلے، انہوں نے کہا تھا کہ وہ بجلی کے میٹر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے اور انہیں دریا میں پھینک دیں گے۔”
انہوں نے 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا، کہا کہ گیس کی قیمتیں زیادہ ہیں اور غریب خاندانوں کو یہ مفت ملے گی، اور یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ مفت راشن فراہم کریں گے، ان وعدوں کا کیا ہوا؟” ۔انہوں نے مزید کہا کہ این سی نے ریزرویشن کے ناانصافی کے مسئلہ کو حل کرنے کا وعدہ کیا اور لوگوں کو یقین دلایا کہ کاہچرائی پر بنائے گئے مکانات کو منہدم نہیں کیا جائے گا۔ “آج، ان میں سے کوئی بھی یقین دہانی پوری نہیں کی گئی ہے۔ عمر عبداللہ پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا، “عمر صاحب نے خود کہا تھا کہ وہ گاندربل اور بڈگام دونوں سے الیکشن لڑیں گے اور وہ اس سیٹ کو برقرار رکھیں گے جہاں سے انہیں زیادہ ووٹ ملیں گے، انہیں بڈگام میں زیادہ ووٹ ملے، پھر بھی انہوں نے یہ سیٹ چھوڑ دی، مجھے بتائیں، اس کے بعد سے انہوں نے بڈگام کے لیے کیا کیا؟”۔انہوں نے کہا کہ جب سرکاری ملازمین کو برطرف کیا جا رہا ہے، گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا جا رہا ہے، اور لگاتار چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا”عمر صاحب دو دن پہلے بڈگام آئے تھے، لیکن کیا پچھلے ایک سال میں انہوں نے یہاں ایک بھی میٹنگ بلائی؟ کیا انہوں نے پوچھا کہ بڈگام کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے، جس میں ابھی تک کوئی نیا ایم ایل اے نہیں ہے؟ اس طرح کا کچھ نہیں ہوا،” ۔پی ڈی پی سربراہ نے الزام لگایا کہ این سی کے نمائندے اب صرف انتخابی مقاصد کے لیے بڈگام میں گھوم رہے ہیں اور لوگوں کے لیے کوئی خاطر خواہ چیز فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے بڈگام کے لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ ماضی کے تجربات پر غور کریں اور حقیقی تبدیلی کے لیے پی ڈی پی کی حمایت کریں۔