عظمیٰ ویب ڈیسک
ممبئی/ممبئی سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 129 کو ہفتہ کی صبح تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث پرواز میں تقریباً 8 گھنٹے کی تاخیر ہوگئی۔ تازہ ترین اطلاع موصول ہونے تک یہ فلائٹ ممبئی ایئرپورٹ پر ہی کھڑی تھی، جبکہ مسافر شدید پریشانی اور تھکن کا شکار تھے۔ایئر انڈیا کی فلائٹ کو صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے ٹیک آف کرنا تھا لیکن تکنیکی مسئلے کے سبب روانگی ممکن نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق، تمام مسافر فلائٹ میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ تک سوار رہے۔ اس دوران بار بار اعلانات کیے گئے کہ کچھ فنی خرابی کی وجہ سے پرواز تاخیر کا شکار ہے۔ آخرکار صبح تقریباً آٹھ بجکر پندرہ منٹ پر عملے کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ مسافروں کو طیارے سے اترنا ہوگا۔
اتارے جانے کے بعد مسافروں کے ہینڈ بیگز کی دوبارہ جانچ کی گئی، جس کے باعث انتظار مزید طویل ہو گیا۔ بعد میں مسافروں کو بتایا گیا کہ ان کی پرواز دوپہر ایک بجے روانہ ہوگی، تاہم ایئر انڈیا کی ویب سائٹ پر فلائٹ اے آئی 129 کے شیڈول میں روانگی کا وقت دوپہر دو بجے دکھایا جا رہا تھا۔کئی مسافروں نے شکایت کی کہ ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے معلومات شفاف انداز میں فراہم نہیں کی گئیں۔ ایک مسافر نے بتایا کہ وہ صبح سے ایئرپورٹ پر موجود ہیں لیکن واضح ہدایت یا متبادل انتظام کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ کچھ مسافروں نے سوشل میڈیا پر تاخیر کے مناظر شیئر کرتے ہوئے ایئر انڈیا سے بہتر انتظامات کا مطالبہ کیا۔
ایئر انڈیا کے ذرائع نے تصدیق کی کہ طیارے میں تکنیکی خرابی پائی گئی تھی، جس کی مرمت کا کام ماہر انجینئرز کی نگرانی میں جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے پرواز کو مکمل فنی اطمینان کے بعد ہی روانہ کیا جائے گا۔دوسری جانب، دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی تکنیکی خرابی نے ائیر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نظام کو متاثر کیا۔ ہوائی اڈہ اتھارٹی (اے اے آئی) نے بتایا کہ خودکار پیغام سوئچنگ سسٹم (اے ایم ایس ایس) میں پیدا ہونے والی خرابی کو کامیابی سے حل کر لیا گیا ہے۔
اس خرابی کے باعث ملک کے سب سے مصروف دہلی ایئرپورٹ پر اڑانوں میں بڑی تاخیر ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق، تقریباً 800 سے زائد ملکی و غیرملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ 20 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔ اے اے آئی نے جمعہ دیر رات ایک بیان جاری کرتے ہوئے مسافروں اور ایئر لائنز سے اس غیر متوقع صورتحال پر ’افسوس‘ کا اظہار کیا۔ایئر انڈیا نے بھی اس صورتحال پر معذرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اے ٹی سی نظام میں تکنیکی خرابی کے سبب تمام ایئر لائنز کے فلائٹ آپریشن متاثر ہوئے ہیں۔ کمپنی نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال کے لیے ایئر انڈیا کی ویب سائٹ یا کسٹمر کیئر سے رجوع کریں۔
ممبئی سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں 8 گھنٹے کی تاخیر، مسافر پریشان