محمد تسکین
بانہال//جمعہ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور کئی ماہ کے بعدمال اور مسافر بردار گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ جمعہ کی صبح سے ہی مسافر اور مال گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں شاہراہ پر چلنے کی اجازت تھی اور جمعہ شام تک ہزاروں کی تعداد میں گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ادہم پور کے بلی نالہ اور دیول پل کے علاوہ رام بن ضلع میں ڈھلواس ، ماروگ اور کشتواڑی پتھر شیر بی بی کے درمیان شاہراہ کئی مقامات پر خراب ہے اور اس وجہ سے ان علاقوں میں ٹریفک کی نقل و حرکت سست رفتار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز شاہراہ پر پانچ مال بردار گاڑیوں کے بیچ سڑک میں خراب ہونے ، ایک گاڑی کے الٹنے اور گوجر بکروال کنبوں کی ہجرت میں شامل بھیڑ بکریوں کے کئی ریوڑوں کی نقل وحرکت کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی سست روی کا شکار ہو جاتی ہے ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آج یعنی ہفتے کے روز بھی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دونوں طرف کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو بھی دو طرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت دی جائے گی ۔ انہوں نے ہفتے کے روز شاہراہ کا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن ، جموں اور سرینگر سے سے جانکاری حاصل کرنی چاہئے ۔