عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //وائٹ نائٹ کور نے ملک کے قومی گیت وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی)، اسکولوں اور جنگی یادگاروں پر فوجی اہلکاروں، طلبا اور مقامی لوگوں نے ایک ساتھ قومی گیت پیش کیا اور مادرِ وطن کے لئے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔وائٹ نائٹ کور، جسے 16 کور کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، شمالی کمان کا ایک اہم حصہ ہے جو راجوری، ریاسی، پونچھ، ادھم پور، رام بن، جموں، ڈوڈہ اور کشتواڑ سمیت متعدد اضلاع کے اندرونی علاقوں سے لے کر ایل او سی تک پھیلا ہوا ہے۔اس تاریخی موقع کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبات کو تازہ کرنا، قومی یکجہتی اور آزادی کے پیغام کو اجاگر کرنا تھا۔ فوج کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں ثقافتی پروگراموں، حب الوطنی پر مبنی گیتوں، تقاریر اور طلبا کی شاندار کارکردگیوں نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ان تقریبات میں طلباء نے وندے ماترم کی تاریخی اہمیت اور بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ فوجی اہلکاروں نے اپنی تقاریر میں ملک کے لئے قربانی، خدمت اور نظم و ضبط کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار رہنے کی تلقین کی۔مقامی شہریوں اور اساتذہ نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف نئی نسل میں قومی فخر کا جذبہ بیدار کرتی ہیں بلکہ فوج اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ان پروگراموں میں بڑی تعداد میں طلبا، اساتذہ اور مقامی لوگوں نے شرکت کی اور مادرِ وطن کے لئے عقیدت اور احترام کا بھرپور مظاہرہ کیا۔اس موقع پر فوجی حکام نے کہا کہ وندے ماترم کا پیغام اتحاد، بھائی چارہ اور حب الوطنی کی علامت ہے، اور اس کی 150ویں سالگرہ کو منانا نہ صرف ایک تاریخی لمحہ ہے بلکہ قوم کے اجتماعی شعور کو مضبوط بنانے کا موقع بھی ہے۔ان تقریبات کے ذریعے بھارتی فوج نے ایک بار پھر یہ عہد دہرایا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام میں قومی ہم آہنگی، اتحاد اور امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔