عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سٹی جج سرینگر کی عدالت نے جموں و کشمیر پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو قصوروار ٹھہرایا ہے اور اسے توسیع اور ترقیوں سمیت غیر قانونی خدمات کے فوائد حاصل کرنے کے لئے اپنی تاریخ پیدائش میں جعلسازی کرنے پر تین سال کی قید اور 5000 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔کرائم برانچ کشمیر نے 2023 میں سب انسپکٹر جگدیش سنگھ ولد کرتار سنگھ ساکن اتینہ بڈگام کے خلاف سرکاری ریکارڈ میں تاریخ پیدائش کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ تفتیش کے دوران، افسر کا میٹرک کا سرٹیفکیٹ، سیشن 1974 جس کا رول نمبر 6759 تھا، تصدیق کے لیے بورڈ آف سکول ایجوکیشن کو بھیجا گیا۔بورڈحکام نے تصدیق کی کہ سرٹیفکیٹ جعلی اور من گھڑت ہے اور اس کی اصل تاریخ پیدائش 10 نومبر 1957 ہے۔ تاہم، ملزم نے غیر قانونی طور پر دو سالہ توسیع اور سروس سے متعلق فوائد حاصل کرنے کے لیے اپنی سروس دستاویزات بشمول کریکٹر رول اور میٹرک ریکارڈ میں دھوکہ دہی سے اسے 10 نومبر 1959 میں تبدیل کر دیا۔مقدمے کی سماعت کے دوران، کرائم برانچ نے استغاثہ کی حمایت میں تقریباً سولہ گواہوں کو پیش کیا۔ گیارہ سال طویل مقدمے کی سماعت کے بعد، سٹی جج سرینگر عبدالباری نے کہاکہ 68 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں، ملزم کو رنبیر پینل کوڈ کی دفعہ 420، 511، اور 468 کے تحت مجرم قرار دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ افسر نے جان بوجھ کر اپنے سرکاری ریکارڈ میں ہیرا پھیری کرکے ذاتی فائدے کے لیے حکام کو دھوکہ دیا اور اس کے مطابق اسے 511 آر پی سی کے سیکشن 420 کے تحت تین سال کی سادہ قید اور 5000 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔