یواین آئی
دبئی/تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی آج دبئی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ایشیا کپ میں فاتح ہندوستانی ٹیم کو ٹرافی نہ دینے کے تنازعے کے درمیان آج محسن نقوی دبئی میں واقع آئی سی سی کے ہیڈکوارٹر پہنچے ۔ نقوی حالیہ دنوں میں آئی سی سی کے اجلاسوں سے دور رہے تھے ، جن میں جولائی میں سنگاپور میں منعقد سالانہ کانفرنس بھی شامل تھی، اسی لئے اس بار بھی ان کی شرکت پر شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔پی سی بی کے سربراہ پر حال ہی میں ہندوستان کی جیتی ہوئی ایشیا کپ ٹرافی اپنے پاس رکھنے کا الزام ہے ۔ وہ آج دوپہر آخری لمحے میں آئی سی سی کے اجلاس میں پہنچے ۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اجلاس میں تصفے طلب مسائل پر بات چیت جاری تھی۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) پہلے ہی یہ واضح کر چکا ہے کہ جب تک یہ ٹرافی ہندوستانی ٹیم کو نہیں دی جاتی، وہ خاموش نہیں بیٹھے گا۔