عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// قومی گیت وندے ماترم کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، وزارت دفاع، ساؤتھ بلاک کے کوریڈور بھی جمعہ کے روز ‘سجلام، سُفلام، ملیج شیتلام، ششیہ شیاملم، وندے ماترم’ کی لازوال سطروں سے گونج اٹھے ۔ وزیراعظم مودی نے قومی گیت ‘وندے ماترم’ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک سال تک چلنے والے یادگاری پروگرام کی شروعات کرتے ہوئے یہ تبصرے کیے۔اس موقع پر انہوں نے یہاں انڈیا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکے بھی جاری کیے۔ مودی نے کہا، ‘‘وندے ماترم بھارت کی آزادی کی جدوجہد کی آواز بن گیا۔ اس نے ہر بھارتی کے جذبات کی نمائندگی کی۔ بدقسمتی سے 1937 میں وندے ماترم کے اہم اشعار کو… اس کی روح کے ایک حصے کو نکال دیا گیا۔ وندے ماترم کی تقسیم نے تقسیم کے بیج بھی بوئے۔آج کی نسل کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ قومی تعمیر کے اس عظیم اصول کے ساتھ یہ ظلم کیوں ہوا… یہ تقسیم پھیلانے والی ذہنیت آج بھی ملک کے لیے ایک چیلنج ہے۔’’ وزیراعظم نے ‘وندے ماترم’ کو ہر دور میں متعلقہ قرار دیتے ہوئے ‘آپریشن سندور’ کا واضح حوالہ دیا اور کہا، ‘‘جب دشمن نے دہشت گردی کا استعمال کرکے ہماری سلامتی اور عزت پر حملہ کرنے کی جرات کی تو دنیا نے دیکھا کہ بھارت نے دورگا کا روپ دھارن کرنا جانتا ہے۔’’اس سے پہلے دن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام لگایا کہ کانگریس نے ‘‘جواہر لال نہرو کی صدارت میں اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو کھل کر آگے بڑھاتے ہوئے 1937 میں وندے ماترم کے صرف مختصر ورڑن کو پارٹی کے قومی گیت کے طور پر اپنایا’’ تھا۔ بی جے پی کے ترجمان سی آر کیسوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا، ‘‘کانگریس نے گیت کو مذہب سے جوڑنے کی تاریخی غلطی کی۔نہرو کی قیادت والی کانگریس نے وندے ماترم کے ان اشعار کو مذہبی بنیاد پر جان بوجھ کر ہٹا دیا جن میں دیوی ماں دورگا کی ستائش کی گئی تھی۔’’ مودی نے تقریب میں کہا کہ آج جب ملک وندے ماترم کے 150 سال مکمل کر رہا ہے تو یہ ‘‘ہمیں نئی تحریک دیتا ہے اور شہریوں کو نئی توانائی سے بھر دیتا ہے’’۔ انہوں نے کہا، ‘‘وندے ماترم ایک لفظ ہے، ایک منتر ہے، ایک توانائی ہے، ایک خواب ہے، ایک عزم ہے۔یہ بھارت ماں کے لیے قربانی ہے، بھارت ماں کی پوجا ہے۔ یہ ہمیں ہمارے ماضی سے جوڑتا ہے اور ہمارے مستقبل کو نیا حوصلہ دیتا ہے۔ ایسا کوئی عزم نہیں جو پورا نہ کیا جا سکے، ایسا کوئی ہدف نہیں جو ہم بھارتی حاصل نہ کر سکیں۔ ہمیں ایک ایسا ملک بنانا ہے جو علم، سائنس اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر سب سے آگے ہو۔’’ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے دنیا بھارت کی خوشحالی کی کہانیاں سنتی رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو ماں اور ماں کو طاقت کی الہی صورت ماننے کے تصور نے ایسے آزادی کے تحریک کو جنم دیا جس میں مرد اور عورت دونوں کو یکساں طور پر شامل کرنے کا عزم لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظریے نے بھارت کو دوبارہ ایک ایسے ملک کا خواب دیکھنے کے قابل بنایا جہاں خواتین کی طاقت قوم سازی میں سب سے آگے ہو۔یہ پروگرام سات نومبر 2025 سے سات نومبر 2026 تک منائے جانے والے ایک سالہ قومی یادگاری پروگرام کی رسمی شروعات ہے۔ اس یادگاری پروگرام میں اس کلاسیکی تخلیق کے 150 سال مکمل ہونے کا جشن منایا جائے گا جس نے بھارت کی آزادی کی تحریک کو تحریک دی اور قومی فخر اور اتحاد کو قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بنکیم چندر چٹرجی نے سات نومبر 1875 کو اکشے نوامی کے موقع پر قومی گیت ‘وندے ماترم’ تخلیق کیا تھا۔ وندے ماترم پہلی بار ادبی رسالہ ‘بنگ درشن’ میں چٹرجی کے ناول ‘آنندمٹھ’ کے ایک حصے کے طور پر شائع ہوا۔