عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز کہا کہ انہوں نے اسکولوں میں ’’وندے ماترم‘‘ کی 150ویں سالگرہ منانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے معاملات میں کسی قسم کی بیرونی ہدایت یا مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔عمر عبداللہ نے بڈگام میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا،’’یہ فیصلہ نہ تو کابینہ نے لیا ہے اور نہ ہی وزیرِ تعلیم نے اس پر دستخط کیے ہیں۔ ہمیں یہ طے کرنے کا حق ہے کہ ہمارے اسکولوں میں کیا ہو، اس بارے میں باہر سے کوئی حکم نہیں ہونا چاہیے۔‘‘
گزشتہ 30 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے محکمہ ثقافت نے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں ریاست بھر کے اسکولوں کو ’’وندے ماترم‘‘ کی 150ویں سالگرہ منانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس حکم پر متحدہ مجلسِ علماءجو کئی مذہبی تنظیموں کا اتحاد ہے نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ’’زبردستی پر مبنی حکم‘‘ قرار دیا اور فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مجلس کا کہنا تھا کہ اس گیت کے کچھ حصے اسلامی عقیدۂ توحید سے متصادم ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کا اسکولوں میں ’وندے ماترم‘ کی تقریبات منانے سے انکار،کہاایسے معاملات میں بیرونی مداخلت ناقابل قبول