عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج محکمہ ثقافت کی جانب سے منعقدہ قومی ترانے ’وندے ماترم‘ کے 150 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم اور مادرِ وطن کے تئیں ہماری غیر متزلزل وابستگی ہی بھارت کو ایک ترقی یافتہ، ’وِکست بھارت‘ بنانے کی بنیاد ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر ’وندے ماترم‘ کے خالق بنکم چندر چٹوپادھیائے کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور قومی ترانے پر مبنی نمایش کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رشِی بنکم چندر نے ماں بھارتی اور اس کے بیٹوں کے درمیان روحانی اور قومی رشتہ مضبوط کیا اور ان کے تخلیق کردہ ترانے نے عوام میں آزادی کی جدوجہد کا جوش بھرا۔سنہا نے اپنے خطاب میں کہا،’ہمارا مادرِ وطن کے تئیں جذبۂ خدمت اور عزم ہی ہمیں ترقی یافتہ بھارت کی منزل تک لے جائے گا۔ نئی نسل کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ ایک عظیم تہذیب کے وارث ہیں، اور معاشرتی خوشحالی و ترقی میں ان کا کردار ماں بھارتی کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔‘
سنہ 2025 کو ’وندے ماترم‘ کے تخلیق کے 150 سال کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ یہ قومی ترانہ بنکم چندر چٹوپادھیائے نے 7 نومبر 1875 کو اکشے نوامی کے موقع پر تحریر کیا تھا۔ یہ نغمہ پہلی بار ان کے ناول ’آنند مٹھ‘ کا حصہ بن کر رسالہ ’بنگ درشن‘ میں شائع ہوا تھا۔یہ ترانہ، جس میں بھارت ماتا کو طاقت، خوشحالی اور الوہیت کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، ملکی اتحاد، خود اعتمادی اور بیداری کی روحانی ترجمانی بن گیا۔ ’وندے ماترم‘ نے آزادی کی تحریک کے دوران لاکھوں ہندوستانیوں کے دلوں میں حب الوطنی کی چنگاری روشن کی اور آج بھی یہ قومی یکجہتی کی علامت ہے۔اس موقع پر ایک اجتماعی گائیکی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے قومی ترانے کی مکمل دھن میں حصہ لیا۔
تقریب میں رکن پارلیمان جگل کشور شرما، راجیہ سبھا کے رکن غلام علی کھٹانہ، چیف سکریٹری اٹل دلّو، ہوم پرنسپل سکریٹری چندرکر بھارتی، پرنسپل سکریٹری کلچر برج موہن شرما، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار سمیت متعدد اعلیٰ افسران، تعلیمی اداروں کے سربراہان، نوجوان اور ممتاز شہری موجود تھے۔جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے بھی عوام اور حکام نے ورچوئل موڈ کے ذریعے تقریب میں شرکت کی، جس سے یہ تقریب ایک ریاستی سطح کی یادگار تقریب بن گئی۔لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے اختتام پر کہا کہ وندے ماترم صرف ایک ترانہ نہیں بلکہ ہندوستان کی روح، خودداری اور اجتماعی شعور کا استعارہ ہے، جو ہر شہری کو وطن کی خدمت کا پیغام دیتا ہے۔
مادر وطن کے تئیں جذبۂ خدمت ہی ہمیں وکست بھارت کی منزل تک لے جائے گا: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا