سمت بھارگو
پونچھ //جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں انتظامیہ نے ضلع کی حدود میں آتش بازی (Fire Crackers) کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ قدم سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے، کیونکہ آتش بازی کی آوازیں اکثر کسی فائرنگ یا دہشت گردانہ کارروائی کے شبہے کو جنم دے سکتی ہیں۔ضلع مجسٹریٹ پونچھ اشوک کمار شرما کی جانب سے اس سلسلے میں ایک باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔حکم نامے کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ کی جانب سے ایک رپورٹ نمبر CS/M-file/2025/6798 مورخہ 06-11-2025 پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ اس وقت شادیوں کا موسم جاری ہے اور لوگ شادی کی تقریبات یا دیگر خوشی کے مواقع پر آتش بازی کرتے ہیں، خاص طور پر رات کے اوقات میں۔ایس ایس پی پونچھ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ عوام کی جانب سے آتش بازی کا استعمال سیکورٹی فورسز، فوج یا پولیس کے درمیان فائرنگ یا دہشت گرد حملے کے شبہے میں کنفیوڑن پیدا کر سکتا ہے، جس سے فورسز کے فوری ردعمل میں رکاوٹ آسکتی ہے۔رپورٹ کے پیش نظر ایس ایس پی پونچھ نے آتش بازی کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی، تاکہ عوام کو سیکیورٹی خدشات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ عوامی مقامات پر ڈھول پیٹ کر، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ لوگ آتش بازی سے گریز کریں۔حکم نامے میں ضلع مجسٹریٹ پونچھ نے کہاکہ ’مذکورہ حقائق کے پیش نظر اور بھارتیہ نگریک سرکشا سنہیتا (BNSS) کی دفعہ 163 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے، میں اشوک کمار شرما، ضلع مجسٹریٹ پونچھ، ضلع پونچھ کی حدود میں آتش بازی کی فروخت اور استعمال پر اگلے احکامات تک مکمل پابندی عائد کرتا ہوں‘۔مزید کہا گیا ہے کہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ، تحصیلدار، چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ، ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی سرنکوٹ، اور ضلع انفارمیشن آفیسر پونچھ عوام کو مختلف ذرائع سے آگاہ کریں کہ شادیوں یا دیگر تقریبات میں آتش بازی کا استعمال ممنوع ہے۔یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا 2023 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔