عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائلز نے قالین بُننے والوں میں 100 تبدیل شدہ جدید سٹیل لومز کی تقسیم کے فوراً بعدسنٹرل وول ڈیولپمنٹ بورڈ کی ’’وول پروسسنگ سکیم‘‘ کے تحت مزید 100 لومز کی خرید و تقسیم کیلئے 51 لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔انڈین انسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی ) سرینگر کی طرف سے 51,000 روپے کی لاگت والے ہر لوم کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو بُننے والوں کیلئے پشت ٹیک اور آرام دہ بیٹھنے کا مناسب انتظام فراہم کرتا ہے۔ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی سرینگر زبیر احمد نے ایک بیان میں تفصیلات بتاتے ہوئے وزارتِ ٹیکسٹائلز کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے مالی برس 2025-26 ء کے دوران فعال قالین بُننے والوں کے لئے مزید 100 تبدیل شدہ جدید سٹیشل لومز کی منظوری دی۔انہوں نے کہا’’یہ لومز بُننے والوں کی صحت کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے گئے ہیں کیوں کہ وہ دنیا بھر میں مشہور ہاتھ بُنے ہوئے کشمیری قالین تیار کرنے کے لئے طویل وقت تک بیٹھ کر کام کرتے ہیں‘‘۔ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی نے مزید بتایا کہ وزارتِ ٹیکسٹائلز نے لومز کی خریداری کیلئے 30.60 لاکھ روپے کی پہلی قسط جاری کی ہے۔انہوں نے کہا’’جب پہلی قسط کے لیے یو سی (یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ) جاری کیا جائے گا تو باقی دو قسطیں بھی مستحقین میں لومز کی خرید و تقسیم کے لئے جاری کی جائیں گی‘‘۔ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے دلچسپی رکھنے والے قالین بُننے والوں کومشورہ دیا ہے کہ وہ ضروری کارروائیاں مکمل کرنے کے لئے صوبہ کشمیر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈکرافٹس و ہینڈلوم کے دفاتر سے رابطہ کریں۔