یواین ایس
سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی کے محبوس رہنما اور بارہمولہ سے ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کو دہلی حکام نے جیل نمبر 3 سے تہاڑ جیل کی جیل نمبر 1 میں اس سال اگست میں مبینہ طور پر کچھ قیدیوں کی طرف سے حملہ کرنے کے بعد منتقل کر دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انجینئر رشید کی جیل نمبر 3 سے جیل نمبر 1 میں منتقلی ایک احتیاطی اقدام کے طور پر کی گئی تھی جب مبینہ حملے کے بعد ان کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ یہ وہی سیل ہے جہاں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر منیش سسودیا کو 2023 میں دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ کے سلسلے میں بند کیا گیا تھا۔ایک ذریعے نے بتایاکہ اس کے وارڈ کے ارد گرد نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے باقاعدہ جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ وارڈروں کو قید کے علاقے سے باہر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 58 سالہ انجینئررشید کو تہاڑ کی سب سے پرانی جیل نمبر 1 میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے وارڈ نمبر 9 کے ایک الگ سیل میں اکیلا رکھا گیا ہے ۔ ایک اہلکار نے مزید کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق، ایک قیدی تنہا یا ایک سیل میں دو دیگر قیدیوں کے ساتھ رہ سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایم پی، جو 2019 سے تہاڑ جیل میں بند ہے، پر کچھ قیدیوں نے حملہ کیا تھا اور مبینہ طور پر اگست کے آخر میں ہونے والے جھگڑے کے دوران اسے معمولی چوٹ آئی تھی۔ رشیدنے بعد میں ستمبر میں اپنے وکیل جاوید حبی کے ساتھ قانونی ملاقات کے دوران اس کا انکشاف کیا۔