عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلِن پربھات نے پولیس کنٹرول روم کشمیر کے کانفرنس ہال میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں وادی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور سیکورٹی و خفیہ نظام کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اسپیشل ڈی جی کوآرڈینیشن ایس جے ایم گلانی، آئی جی پی کشمیر زون، آئی جی سی آر پی ایف (کشمیر آپریشنز سیکٹر)، آئی جی سی آر پی ایف (سرینگر سیکٹر)، رینج ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ایس ایس بی سرینگر، ڈی آئی جیز سی آر پی ایف (جنوبی و شمالی سرینگر)، تمام ضلعی ایس ایس پیز کشمیر زون، ایس ایس پی پی سی آر کشمیر، ایس پی پی سی سرینگر اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
ابتدائی طور پر، افسران نے اپنے اپنے اضلاع کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں ڈی جی پی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی پی نے موجودہ انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہم آہنگی، کارکردگی اور فیلڈ تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔نلِن پربھات نے زور دیا کہ شہر کے سیکورٹی نظام کو جدید نگرانی، بین الادارتی تعاون اور فعال فیلڈ انگیجمنٹ کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ حساس اور اسٹریٹیجک مقامات پر متحرک اور اچانک ناکے قائم کیے جائیں تاکہ علاقے میں گرفت اور روک تھام کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملحقہ اضلاع کے درمیان بلاتعطل رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ باہمی سیکورٹی تعاون اور بروقت معلومات کا تبادلہ یقینی ہو۔ آپریشنل تیاریوں پر زور دیتے ہوئے، ڈی جی پی نے ہدایت دی کہ تمام اضلاع میں کوئیک ری ایکشن ٹیمز (QRTs) کو بہتر نقل و حرکت، تربیت اور آلات سے مزید مضبوط کیا جائے۔انہوں نے مواصلاتی نظام کی جدید کاری اور اپ گریڈیشن کی بھی ہدایت دی تاکہ تمام سطحوں پر بلا تعطل اور محفوظ رابطہ برقرار رہے۔اجلاس کے اختتام پر ڈی جی پی نلِن پربھات نے پیشہ ورانہ طرزِ عمل، چوکس رہنے اور عوام دوست پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسران کو اعلیٰ سطح کی عملی تیاری برقرار رکھنے کی تاکید کی۔
پولیس سربراہ کے زیر صدارت اعلیٰ سطحی سیکورٹی اجلاس منعقد ،وادی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کو جائزہ لیا