محمد تسکین
بانہال // ایک اہم پیش رفت کے تحت بیوپار منڈل بانہال کی چیف الیکشن کمیٹی نے انجینئر شاداب احمد وانی کو تاجروں کی ایسوسیشن (بیوپار منڈل) بانہال کے صدر کے عہدے سے فوری طور پر ہٹا دیا ہے۔
چیف الیکشن کمیٹی کے دفتر سے جاری ایک باضابطہ حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ بدھ کے روز کمیٹی کی ایک میٹنگ کے دوران متفقہ طور پر لیا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انجینئر شاداب وانی، جو 2025–2026 کی مدت کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے، اپنے عہدے کی ذمہ داریوں اور شرائط کو پورا کرنے میں ناکام رہے، جس کے باعث انہیں عہدے سے برطرف کیا گیا۔
الیکشن کمیٹی کے مطابق شاداب وانی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے متعدد تاجروں اور مارکیٹ ممبران کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ وہ صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے انجام نہیں دے رہے۔ الیکشن باڈی نے اپنے حکمنامے میں کہا ہیکہ تمام شکایات کا بغور جائزہ لینے اور بازار کے مجموعی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے شاداب وانی کو ان کے عہدے سے فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تاہم کمیٹی نے شکایات کی نوعیت یا برطرفی کی وجوہات کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شاداب وانی 20 جنوری 2025 کو بیوپار منڈل بانہال کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے کل 875 ووٹوں میں سے 425 ووٹ حاصل کر کے اپنے حریف یاسر ملک کو 163 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔
درایں اثنا الیکشن کمیشن کمیٹی بانہال نے میاں پرویز احمد کو تاجروں کی انجمن کا قائم مقام صدر مقرر کیا ہے، جو نئے انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔