عازم جان
بانڈی پورہ// بانڈی پورہ ضلع کے بلاک حاجن میں نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے منگل کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر حاجن میں ایک احتجاج کیا ، جس میں گذشتہ چار ماہ سے ان کی زیر التواء تنخواہوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔احتجاج کرنے والے ملازمین نے تاخیر پر تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مالی بحران میں دھکیل دیا ہے۔ احتجاج کرنے والے ملازمین میں سے ایک ڈاکٹر شہناز نے کہا کہ بار بار اپیلوں کے باوجود ان کے مطالبات کو نظر انداز کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کے دوسرے بلاکوں کو ان کے واجبات موصول ہوئے ہیں ، لیکن حاجن بلاک ابھی بھی واگذاری کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بلاک میں تقریبا 93 این ایچ ایم ملازمین متاثر ہوئے اور روزانہ کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے۔ انہوں نے کہا ، ہم نے بی ایم او حاجن سمیت اعلی حکام کو آگاہ کیا ہے ، لیکن ابھی کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ احتجاج کرنے والے ڈاکٹر ڈاکٹر مظفر نے کہا کہ ملازمین چیلنجنگ حالات کے تحت تندہی سے خدمات انجام دیتے رہے ۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کی تنخواہوں کو جلد ہی واگذار نہیں کیا گیا تو قلم چھوڑ ہڑتال شروع کریں گے۔چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ ، ڈاکٹر اشتیاق نائک نے بتایا کہ تاخیر خزانے کے نظام میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسئلہ دو دن کے اندر حل ہوجائے گا۔