عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیرانشول گرگ نے کل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں سری نگر ہوائی اڈے پر سول انکلیو کی توسیع کا جائزہ لیا گیا اور ہوائی اڈے کے ارد گرد موجودہ جگہ سے سی آر پی ایف بیرکوں کو منتقل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میںڈپٹی کمشنر بڈگام،سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے سینئر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں مجوزہ سرکٹ کے ایک حصے کے طور پر رنگ روڈ، ریلوے اسٹیشن اور سری نگر ہوائی اڈے کو جوڑنے والی سڑک کی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔افسران نے نئے سی آر پی ایف بیرکوں کو تیار کرنے اور سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں کے لیے ہوائی اڈے کی کارروائیوں میں مدد کے لیے رہائش کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ڈویژنل کمشنر نے انہیں ہدایت دی کہ وہ مجوزہ رابطہ سڑک کے الائنمنٹ کا جائزہ لیں تاکہ زیادہ سے زیادہ رابطے اور حصول اراضی کے مسائل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت دی کہ وہ فضائیہ کے حکام کی طرف سے بیان کردہ حفاظتی اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق سی آر پی ایف کی سہولیات کو منتقل کرنے کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی کریں۔انہوںنے تمام اسٹیک ہولڈر محکموں کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا تاکہ 20 نومبر تک تازہ ترین پلان کو بروقت حتمی شکل دی جا سکے، جس سے مسافروں کے تجربے میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔