سری نگر/صوبائی کمشنر کشمیر، انشل گرگ نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ـ اجلاس میں سری نگر ایئرپورٹ کے سول اینکلیو کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لیا لیا گیا اور ہوائی اڈے کے قریب واقع سی آر پی ایف بیرکوں کی منتقلی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بڈگام، بلال محی الدین بٹ کے علاوہ سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا ، اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں رنگ روڈ، ریلوے اسٹیشن، اور سری نگر ایئرپورٹ کو جوڑنے والی سڑک کی ترقی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
افسران نے سی آر پی ایف کے لیے نئی بیرکوں اور سی آئی ایس ایف اہلکاروں کے لیے رہائش گاہوں کی تعمیر کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا، تاکہ ہوائی اڈے کی سرگرمیوں کو مؤثر طور پر سپورٹ کیا جا سکے۔
صوبائی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ مجوزہ سڑک کے رخ کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ بہتر رابطہ اور کم سے کم زمین کے حصول کے مسائل یقینی بنائے جا سکیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ایئر فورس کے حفاظتی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مطابق سی آر پی ایف کی منتقلی کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی کی جائے۔
سری نگر ایئرپورٹ کے سول اینکلیو کی توسیع کا جائزہ، صوبائی کمشنر کشمیر کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد