عظمیٰ نیوز سروس
پٹنہ//بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کے انتخابی مہم کا شورکل شام گیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت شام کے بعد کسی بھی امیدوار یا پارٹی کو عوامی جلسے یا ریلی کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔پہلے مرحلے میں ریاست کے 18 اضلاع کی 121 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ 6 نومبر کو ہوگی۔ اس مرحلے میں کل 3 کروڑ 75 لاکھ 13 ہزار 302 ووٹر 1314 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایمز) میں بند کریں گے۔ ان نشستوں پر 122 خواتین اور 1192 مرد امیدوار میدان میں ہیں۔الیکشن کمیشن نے پولنگ کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور پرامن بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں۔ کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ پولنگ بوتھوں پر انتخابی ماحول کو جشنِ جمہوریت کی شکل دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹنگ کے لیے نکلیں۔ اس مقصد کے لیے 121 عام، 18 پولیس اور 33 مالی نگران افسران کی تقرری کی گئی ہے۔ریاست میں پہلے مرحلے کے لیے 45 ہزار 324 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں 36 ہزار 733 دیہی اور 8608 شہری علاقوں میں ہیں۔ 926 بوتھ صرف خواتین کے زیرِ انتظام ہوں گے، جبکہ 107 بوتھوں کی ذمہ داری خصوصی طور پر معذور ووٹروں کے سپرد کی گئی ہے۔ 320 ماڈل بوتھ بھی تیار کیے گئے ہیں جہاں جدید سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ اوسطاً ہر بوتھ پر 827 ووٹر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
مودی کا اپوزیشن پر بڑا حملہ
پٹنہ//بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میںکل پہلے مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہو گئی ہے۔ انتخابی مہم کے آخری گھنٹوں میں وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے پروگرام “میرا بوتھ سب سے مضبوط” کے تحت خواتین کارکنان سے طویل گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ این ڈی اے ایک بار پھر بہار میں زبردست جیت حاصل کرنے والا ہے۔ خواتین کارکنان سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم مودی نے چھٹھ مئیّا کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ “بہار میں دو راجکمار گھوم رہے ہیں، جن میں سے ایک دہلی کا ہے۔ یہاں مودی کا اشارہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی طرف تھا، جنہیں انہوں نے “دہلی والا راجکمار” کہا، جبکہ دوسرا راجکمار آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کو بتایا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دہلی والا راجکمار بہار میں گھوم کر چھٹھی مئیّا کا اپمان کر رہا ہے۔” دراصل، کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بہار کی ایک ریلی میں کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی چھٹھ پوجا کے نام پر دہلی میں ڈرامہ کر رہے ہیں۔ اس بیان کے بعد بی جے پی اور پورا این ڈی اے اتحاد راہل گاندھی اور کانگریس پر سخت حملہ آور ہو گیا تھا۔مودی نے کہا کہ انتخابی ریلیوں میں ریکارڈ تعداد میں خواتین شریک ہو رہی ہیں اور جوش و خروش سے نعرے لگا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بہار میں راجگ (این ڈی اے) زبردست اکثریت سے جیتنے والا ہے۔اس دوران مودی نے خواتین کارکنان سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کو یقینی بنائیں۔