عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے ضلع بڈگام میں سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر پٹرول پمپ تعمیر کرنے کے معاملے میں بدعنوانی اور سازش کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ کارروائی ایک شکایت کی بنیاد پر کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ اَریگام میں ایک شخص نے سرکاری چراگاہ (کہچرائی) زمین پر غیر قانونی تعمیرکھڑی کی ہے۔بیورو کی جانب سے کی گئی ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا کہ علی محمد خان ولد ثنااللہ خان ساکن اَریگام بڈگام نے جون 2020 میں کہچرائی زمین (سروے نمبر 535) پر پٹرول پمپ تعمیر کیا۔ اس نے مبینہ طور پر لائسنس حاصل کرنے کے لیے حقائق میں ہیرا پھیری کی اور حکام کو گمراہ کیا۔تحقیقات سے مزید معلوم ہوا کہ سال 2018 میں اس شخص کو پٹرول پمپ کے لیے این او سی اس وقت کے پٹواری، نائب تحصیلدار اَریگام اور تحصیلدار خانصاحب کی جانب سے فراہم کی گئی تھی۔ این او سی میں زمین کے اصلی نوعیت کو چھپایا گیا اور یہ حقائق جان بوجھ کر درج نہیں کیے گئے کہ متعلقہ زمین تک رسائی صرف (کہچرائی) زمین کے راستے سے ہی ممکن تھی۔
یہ بھی سامنے آیا کہ پٹواری نے ریکارڈ تیار کرتے وقت سروے نمبر 532 (شاملات زمین) کو بھی چھپایا اور موقعے کی زمینی حقیقت کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ مارچ 2018 میں اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر بڈگام کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے پر بھی فیلڈ عملے نے جھوٹا بیان دیا کہ مقام نقل و حمل اور ایندھن کے ذخیرے کے لیے موزوں ہے۔ان گمراہ کن رپورٹس اور این او سیز کی بنیاد پر اس وقت کے ڈپٹی کمشنر بڈگام نے 22 مئی 2020 کو پٹرول پمپ کا لائسنس (نمبر DCB/2020/10) جاری کیا، حالانکہ لائسنس میں درج زمین کے دو سروے نمبر (531 اور 533) آپس میں منسلک نہیں تھے۔ اس وقت کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ خانصاحب نے بھی بغیر خود موقع معائنہ یا ریکارڈ کی جانچ کے رپورٹ آگے بھیج دی۔
بیورو کا کہنا ہے کہ متعلقہ ریونیو افسران نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اور فائدہ اٹھانے والے شخص کے ساتھ ملی بھگت میں ریاستی زمین پر قبضہ کروایا اور اسے غیر قانونی مالی فائدہ پہنچایا۔اینٹی کرپشن بیورو نے اس معاملے میں تعزیراتِ ہند کی دفعہ 120-بی (مجرمانہ سازش) اور انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 (ترمیم شدہ 2018) کے تحت مقدمہ نمبر 21/2025 پولیس اسٹیشن اے سی بی سری نگر میں درج کیا ہے۔ترجمان کے مطابق، اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بڈگام میں غیر قانونی پٹرول پمپ کی تعمیر کا انکشاف، انسداد رشوت ستانی بیورو نے مقدمہ درج کرلیا