عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/پی ڈی پی کے بڈگام ضمنی انتخاب کے امیدوار، آغا سید منتظر مہدی کو مبینہ طور پر بغیر اجازت رات گئے سیاسی ریلیاں منعقد کرنے پر وجہ بتاؤنوٹس جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ضابطہ اخلاق کے نوڈل افسر نے کہا ہے کہ انہیں متعدد رپورٹس اور شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ امیدوار نے یکم اور 3 نومبر کی رات دیر گئے بغیر مجاز حکام کی منظوری کے انتخابی جلسے اور جلوس منعقد کیے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایسی ریلیوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہیں، جو بظاہر خلاف ورزی کے ثبوت فراہم کرتی ہیں۔ یہ دیکھا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات انتخابی عمل کی شفافیت کو متاثر کرتے ہیںاور بڈگام ضلع میں نافذ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔
امیدوار سے کہا گیا ہے کہ وہ چوبیس گھنٹوں کے اندر تحریری طور پر وضاحت پیش کریں کہ ان کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ انہیں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آئندہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بڈگام سے پی ڈی پی امیدوار آغا منتظر کو مبینہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وجہ بتاؤنوٹس جاری