عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سابق وزیر اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما نعیم اختر نے منگل کے روز سینئر صحافی طارق بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طارق بٹ کی وفات کشمیر کی صحافتی برادری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں نعیم اختر نے طارق بٹ کی پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے صحافتی کیریئر کے چیلنجز کا سامنا ’’غیر متزلزل حوصلے اور اخلاقی دیانت‘‘ کے ساتھ کیا۔نعیم اختر نے کہا، ’’بطور پی ڈی پی کے چیف ترجمان، میں نے خود بٹ صاحب کی دیانت داری اور ان کی یہ جستجو دیکھی کہ وہ ہر معاملے کی تہہ تک پہنچ کر اپنے قارئین کے لیے جامع اور مستند خبریں پیش کرتے رہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ طارق بٹ کے انتقال سے کشمیری صحافت میں ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پُر کرنا مشکل ہے۔نعیم اختر کے مطابق، طارق بٹ کی سب سے بڑی خدمت ان کی اخلاقی صحافت کے تئیں عمر بھر کی وابستگی تھی۔ ’’وہ کبھی شہرت یا نمائش کے خواہاں نہیں رہے۔ ایسے افراد معاشرے کی روح ہوتے ہیں صحافت سے منسلک ہونے والے نئے لوگوں کے لیے مشعلِ راہ بنتے ہیں۔‘‘
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ طارق بٹ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اُن کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے، دکھ کے اِس مشکل ترین وقت میں ہم سب لواحقین کے شانہ بشانہ ہیں اوراس غم میں برابر کے شریک ہیں۔
نعیم اختر کا سینئر صحافی طارق بٹ کے انتقال پر اظہارِ رنج