یو این آئی
نئی دہلی//پینشن یافتگان کو گھر بیٹھے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ (ڈی ایل سی)خدمات فراہم کرنے کے لیے انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک (آئی پی پی بی)نے ایمپلائیز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او)کے ساتھ مفاہمتی نامے پر دستخط کیے ہیں۔اس مفاہمت نامے کا مقصد ملازمین کی پنشن اسکیم 1995 (ای پی ایس،95) کے تحت پنشنروں کو گھر بیٹھے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ (ڈی ایل سی)کی سہولت فراہم کرنا ہے۔یہ اقدام سینئر شہریوں اور پنشنروں کے لیے سہولت پیدا کرنے کی ایک بڑی کوشش ہے، جس کے تحت انہیں اپنے لائف سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے بینک یا دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ یہ خدمت اب ڈاکیے کے ذریعے گھر کے دروازے پر دستیاب ہوگی۔
اس مفاہمت نامہ کاتبادلہ آروِشوِیسورن، منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، آئی پی پی بیاور رمیش کرشن مورتی، مرکزی پروویڈنٹ فنڈ کمشنر (سی پی ایف سی)، ای پی ایف اونے ای پی ایف او کے 73ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کیا۔اس تقریب میں ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ، مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار اور امورِ نوجوانان و کھیل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اس اشتراک کے تحت انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک اپنے وسیع نیٹ ورک یعنی 1.65لاکھ سے زائد ڈاکخانوں اور 3لاکھ سے زیادہ ڈاک ملازمین (ڈاکیے اور گرامین ڈاک سیوک)کو بروئے کار لائے گا۔ یہ عمل ڈیجیٹل فیس آتھنٹیکیشن ٹیکنالوجی اور فنگر پرنٹ بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے انجام دیا جائے گا تاکہ ای پی ایف او کے پنشنر اپنے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے آسانی سے جمع کرا سکیں اور انہیں بینک یا ای پی ایف او دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ رہے۔مزید یہ کہ، ای پی ایف او ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کے اجرا کے تمام اخراجات خود برداشت کرے گا، جس سے یہ خدمت پنشنروں کے لیے بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔ اشتراک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آروِشوِیسورن، منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک نے کہاکہ ای پی ایف او کے ساتھ یہ شراکت داری آئی پی پی بی کے مشن کو مزید مضبوط بناتی ہے، جس کا مقصد ہندوستان کے ہر گھر کی دہلیز تک بنیادی مالیاتی اور شہری خدمات پہنچانا ہے۔ اپنی ٹیکنالوجی سے لیس ڈاک خدمات اور قابلِ اعتماد آخری سطح تک رسائی کے ذریعے، ای پی ایف او کے پنشنرخصوصا دیہی اور نیم شہری علاقوں میں اب باعزت، آسان اور بغیر کسی دشواری کے اپنا لائف سرٹیفکیٹ جمع کرا سکیں گے۔ یہ اقدام حکومتِ ہند کے ڈیجیٹل انڈیا اور ایز آف لیونگ کے وژن سے ہم آہنگ ہے، جو ٹیکنالوجی اور ڈاک کے بنیادی ڈھانچے کو استعمال میں لا کر بزرگ شہریوں اور پنشنروں کے لیے جامع خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔